آئینہ کے رکن بنیں ؞؞؞؞؞؞؞ اپنی تخلیقات ہمیں ارسال کریں ؞؞؞؞؞s؞؞s؞؞ ٓآئینہ میں اشتہارات دینے کے لئے رابطہ کریں ؞؞؞؞؞؞؞؞؞ اس بلاگ میں شامل مشمولات کے حوالہ سے شائع کی جاسکتی ہیں۔

Monday 2 November 2020

Jungle Ki Zindagi NCERT Urdu Class 9 Jaan Penchan

جنگل کی زندگی

جنگل کی زندگی کے متعلق آپ نے بہت سی کہانیاں سنی ہوں گی۔ آؤ آج آپ کو جنگل کے بارے میں کچھ اور دلچسپ باتیں بتائیں۔
جنگلی جانور اتنے خوں خوار نہیں ہوتے ، جتنا عام طور پر انھیں سمجھا جاتا ہے۔ یہ بلا وجہ انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتے۔ البته بھالو اگر اپنے بچوں کے ساتھ ہو ، تو کبھی کبھی بے وجہ حملہ کر بیٹھتا ہے۔ لیکن سچی بات تو یہ ہے کہ شیر، چیتے، ہاتھی، گینڈے اور دوسرے جنگلی جانوروں سے دور ہی رہنا بہتر ہے۔ کیوں کہ ہم لوگ ان کے طور طریقے نہیں سمجھتے اور ایسی بات کر بیٹھتے ہیں جس سے جانوروں کو ہمارے اوپر غصہ آجاتا ہے۔ یہ جانور جنگل کے باسی ہیں۔ یہ جس ماحول میں رہتے ہیں ، وہاں خود رو پیڑ پودے، گھاس پھوس اور جھاڑیاں کثرت سے ہوتی ہیں۔
جنگل میں طرح طرح کے کیڑے مکوڑے، چڑیاں اور جانور پائے جاتے ہیں ۔ جنگل میں کوئی نہ کوئی چشمہ جھیل یا ندی بھی ہوتی ہے۔ تمام جنگل ایک سے نہیں ہوتے بلکہ ہر جنگل کی آب و ہوا اور زمین کی بناوٹ مختلف ک ه ہوتی ہے۔ اسی کے لحاظ سے وہاں کے پیڑ پودے اور جانور ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر " - شیر صرف ایسے جنگلوں میں ملتا ہے، جہاں خوب جھاڑیاں ، پیڑ پودے اور شکار کے لیے چھوٹے بڑے جانور ہوتے ہیں۔
ہمارے ملک میں کئی قسم کے جنگل ہیں ۔ ہمالیہ اور دوسرے پہاڑی جنگلوں میں طرح طرح کے پیڑ پودے پائے جاتے ہیں۔ مثلاً چیڑ ، دیودار، سال ساگوان وغیرہ۔ ان جنگلوں، میں شیر تیندوا، بھالو، طرح طرح کے ہرن ، بندر اور سانپ بھی ہوتے ہیں ۔ میدانی جنگل ہمالیہ کے دامن سے شروع ہوکر و وادیوں میں دور دور تک پھیلے ہوئے ہیں۔ ان جنگلوں میں گھنے ، اونچے اور چوڑے پتوں والے درخت جیسے ڈھاک وغیرہ ہوتے ہیں۔ یہاں پہاڑی علاقوں کی طرح پانی کی افراط ہوتی ہے۔ جانور بھی اوپری حصوں سے آتے جاتے رہتے ہیں۔
ریگستان میں پانی کی کمی ہوتی ہے۔ ان میں صرف وہی پیڑ پودے اور جانور پائے جاتے ہیں جنھیں پانی کی بہت کم ضرورت ہوتی ہے۔ زیادہ تر کانٹے دار ، ہے پتی کے پیڑ پودے ہوتے ہیں۔ جیسے : ناگ پھنی، ببول وغیرہ ۔ یہاں اونٹ، ببر شیر ، لنگور ، سانپ اور گرگٹ جیسے جانور ملتے ہیں۔
زیادہ تر جانوروں کو پودوں سے غذا ملتی ہے ۔ کچھ جانور ایسے بھی ہوتے ہیں جو دوسرے جانوروں کا شکار کر کے ان کا گوشت کھاتے ہیں، جیسے: شیر، چیتا وغیرہ ۔ چرندوں سے یہ فائدہ ہے کہ وہ جنگل کے پیڑ پودوں کو کھاتے رہتے ہیں۔ اگر ایسا نہ ہوتو جنگل اتنے گھنے ہوجائیں کہ ان میں روشنی، ہوا اور پانی کی کمی ہوجائے اور پیڑ پودے مر جائیں ۔ دوسری طرف اگر درندے نہ ہوں تو چرند اتنے ہوجائیں گے کہ سارے کا سارا جنگل کھا کر ختم کردیں گے۔ چڑیاں جنگلوں کے لیے ضروری ہیں، اس لیے کہ ان کی وجہ سے کیڑے مکوڑے کم ہوتے رہتے ہیں۔ وہ بیجوں کو بھی بکھیرتی ہیں اور ان کی بیٹ سے جنگل زرخیز ہوتے رہتے ہیں ۔ غرض ہر جانور اور ہر پودا جنگل کی زندگی کے لیے اپنی اپنی جگہ پر ضروری ہے۔
کسی زمانے میں ہمارے ملک میں بہت جنگل تھے، مگر اب آبادی کے بڑھنے ، شہروں کے آباد ہونے کھیتی باڑی اور کارخانوں میں اضافے کی وجہ سے جنگل کٹتے جارہے ہیں ۔ جنگلوں کی وجہ سے آب و ہوا اچھی رہتی ہے۔ ہوا میں آکسیجن کی کمی نہیں رہتی۔ بارش خوب ہوتی ہے۔ باڑھ کی تیزی کم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ جنگلوں میں طرح طرح کی جڑی بوٹیاں، عمارتی لکڑی، شہد ، گوند ، کوئلہ ، لاکھ ، ربر ، کاغذ بنانے کی لکڑی ، تارپین کا تیل اور اسی طرح کی بے شمار چیز یں حاصل ہوتی ہیں۔ یہ وہ ضروری چیز یں ہیں ، جن کے بغیر ہماری زندگی مکمل نہیں ہوتی ۔ غرض جنگل ہماری زندگی کے لیے بہت ضروری ہیں۔

سوچیے اور بتائیے:

سوال1: جنگلی جانوروں سے دور رہنا کیوں بہتر ہے؟
جواب:جنگلی جانوروں سے انسان کو جان کا خطرہ ہوتا ہے کیونکہ وہ کسی بھی وقت حملہ کر سکتے ہیں۔ اس لیے جنگلی جانوروں سے دور رہنا ہی بہتر ہے۔

سوال2:شیر کس طرح کے جنگلوں میں رہتا ہے؟
جواب: شیر صرف ایسے ہی جنگلوں میں پایا جاتا ہے جس میں جھاڑیاں، پیڑ پودے اور شکار کے لیے چھوٹے جانور ہوں۔ وہ گھنے جنگلوں میں رہنا پسند کرتا ہے۔

سوال3:جنگل میں پائے جانے والے مشہور درختوں کا نام بتائیے؟
جواب: جنگل میں پائے جانے والے مشہور درختوں میں  چیڑ ، دیودار، سال، ساگوان وغیرہ شامل ہیں۔ 

سوال4:جنگل کی زمین کس طرح زرخیز ہوتی رہتی ہے؟
جواب: جنگل کی زمین جانوروں اور پرندوں کے فضلوں، بیٹ وغیرہ سے زرخیز ہوتی رہتی ہے۔

سوال5: ناگ پھنی، ببول اور کانٹے دار پیڑ پودے ریگستان میں کیوں زیادہ ہوتے ہیں؟ 
جواب: ناگ پھنی ببول اور کانٹے دار پیڑ پودوں کو کم پانی کی ضرورت ہوتی ہے اس لیے یہ پیڑ ریگستان میں زیادہ ہوتے ہیں۔

سوال6: اگر جنگل زیادہ گھنے ہو جائیں تو انہیں کیا نقصان ہوسکتا ہے؟ 
جواب: پیڑ بھی زیادہ گھنے ہو جائیں گے تو ان میں روشنی، پانی اور ہوا کی کمی ہو جائے گی جس کی وجہ سے پیڑ پودے مر جائیں گے۔

سوال7:اگر جنگل نہ ہوتے تو ہمیں کون کون سی چیزیں نہیں ملتیں؟
جواب: اگر جنگل نہ ہوتے تو ہمیں طرح طرح کی جڑی بوٹیاں، عمارتی لکڑی، شہد ، گوند ، کوئلہ ، لاکھ ، ربر ، کاغذ بنانے کی لکڑی ، تارپین کا تیل اور اسی طرح کی بے شمار چیز یں حاصل نہیں ہوتیں۔
  

0 comments:

Post a Comment

خوش خبری