آئینہ کے رکن بنیں ؞؞؞؞؞؞؞ اپنی تخلیقات ہمیں ارسال کریں ؞؞؞؞؞s؞؞s؞؞ ٓآئینہ میں اشتہارات دینے کے لئے رابطہ کریں ؞؞؞؞؞؞؞؞؞ اس بلاگ میں شامل مشمولات کے حوالہ سے شائع کی جاسکتی ہیں۔

Sunday 18 October 2020

Meelad e Rasool Maqboolﷺ

میلاد رسول مقبول ﷺ 
اے خاصہ خاصان رسل وقت دعا ہے
امت پہ تری آ کے عجب وقت پڑا ہے

آج ہلال عید (میلادالنبی ﷺ)مطلع انوار پر جلوہ  افروزہوکر دنیا کوامن و سلامتی، محبت و خلوص اور آفات و بلا سے نجات کا پیغا م دے رہا ہے۔ یہ ماہ مقدس پیغمبر آخرالزماں،رحمةللعالمین ، سید المرسلین، آقائے دوجہاں حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کا مہینہ ہے۔

اللہ کا فضل و کرم ہے کہ اس نے دنیائے انسانیت کواپنے مقبول رسول حضرت محمد مصطفیٰﷺکے ذریعہ اپنی وحدت کا سچّا انعام دیا اور ایسے رسول کی امت بنایا جو سب نبیوں اور رسولوں سے افضل ہیں اور جن پر خود اللہ اور اس کے فرشتے درود  پڑھتے ہیں۔

جیسا ہمارا دین سچّا، مکمل اور اللہ کی سب نعمتوں کا خزانہ ہے ویسے ہی اس دین کے لانے والے پیغمبربھی پورے کامل اور پروردگار کی نعمتوں سے بھر پور ہیں۔ اور ان کو ہم مسلمانوں کے ساتھ جو ان کی امت ہیں بڑی محبت ہے۔

خواجہ حسن نظامی لکھتے ہیں:

اگرچہ اب وہ خدا کے اچھے رسولﷺجسم کی زندگی میں زمین پر موجود نہیں مگر اُن کی باطنی اور روحانی زندگی اب بھی اس دنیا میں موجود ہے اور ہماری حالتوں کی خبر خدا کی دی ہوئی قوت سےان کو رہتی ہے۔آٹھ دن کے اندر دو دفعہ امت کے نیک و بد حالات کی اطلاع فرشتے ان کو دیتے ہیں  اور جب وہ اپنی امت کی نیکی دیکھتے ہیں اچھے عمل ملاحظہ فرماتے ہیں تو خوش ہوتے ہیں اور ہمارے حق میں دعائے خیر کرتے ہیں۔اور جب ہمارے گناہوں کی خبر ان کو دی جاتی ہے تو بہت رنجیدہ ہوتے ہیں۔اور ان کے دل کو بہت تکلیف ہوتی ہے کیوں کہ وہ اپنی امت کی بھلائی کےعاشق زار ہیں۔وہ گوارا نہیں کرسکتے کہ ان کی امت برے کام کرکےدوزخ میں جائے اور قیامت کے دن کالے منہ ہوکر اٹھے۔

پس جب ہمارے رسول ﷺ کو ہمارا ایسا خیال ہے تو ہم کو یہی چاہیے کہ اپنے محبت کرنے والے پیغمبر خداﷺکو ہمیشہ یاد رکھیں اور ہر ہفتہ یا ایک مہینہ یا ایک سال میں تو اُن کا ذکر خیر ضرور کریں۔ آپ ﷺ کی اچھی باتیں سنیں۔اُن ﷺسے جی لگائیں اور جہاں تک ہو سکے اُن کی پیروی کریں۔ جن باتوں کا انہوںﷺ نےحکم دیا ہے اُن کو مانیں،جن سے منع کیا ہے ان کو نہ کریں۔ 

میلاد شریف کی محفلیں اسی ذکر خیر کے لیے ہوتی ہیں تاکہ مسلمانوں کے چھوٹوں ،بڑوں ،عورت ،مرد میں ہادی رسولﷺکی یاد قائم رہے۔

آئینہ محسن انسانیت ہادی برحق کی سیرت پاک اور اسوۂ حسنہ سے آپ کے قلوب کو روشن ومنور کرنے کے لیے آج سے 12 ربیع الاول تک روزانہ سیرت مبارکہ ﷺ پر ایک باب آسان زبان میں لے کر حاضر ہو رہاہے۔  اپنے بچّوں اور اہل خانہ کو بلند آواز میں پڑھ کر سنائیں  یا اُن سے سنیں تاکہ ہم سب کے دل جو زنگ آلود ہوچکے ہیں آپ ﷺ کے ذکر کی برکت سے روشن ہوسکیں اور ہم پر مسلط کی گئیں دنیاوی پریشانیوں سے ہمیں نجات ملے اور ہمارا دل اپنے رسول ﷺ کی محبت میں سرشار ہوکر ایک بار پھر خوشیوں اور خوشحالیوں سے لبریز ہو۔

دینی و دنیاوی فائدے کے لیےمیلادرسول ﷺ کی پاک محفلیں  آج وقت کی اہم ضرورت ہیں۔نام نمود اور نمائش اور ڈھول تاشوں  سے پاک عشق رسول ﷺسے منورو مامور پاکیزہ ماحول میں سادہ طور پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ  سیرت النبیﷺ کا ذکر کریں۔ کثرت سے درود پڑھیں اور اللہ سے انسانیت کی بھلائی، امن و امان،دشمنوں کے شر سے حفاظت، وباؤں اور بلاؤں سے نجات کی دعا کریں۔ 

سلام
سلام اس پر کہ جس نے بے کسوں کی دستگیری کی
سلام اس پر کہ جس نے بادشاہی میں فقیری کی

سلام اس پرکہ اسرار محبت جس نے سکھلائے
سلام اس پر کہ جس نے زخم کھا کر پھول برسائے

سلام اس پر کہ جس نے خوں کے پیاسوں کو قبائیں دیں
سلام اس پر کہ جس نے گالیاں سن کر دعائیں دیں

سلام اس پر کہ دشمن کو حیات جاوداں دے دی
سلام اس پر، ابو سفیان کو جس نے اماں دے دی

سلام اس پر کہ جس کا ذکر ہے سارے صحائف میں
سلام اس پر، ہوا مجروح جو بازار طائف میں

سلام اس پر، وطن کے لوگ جس کو تنگ کرتے تھے
سلام اس پر کہ گھر والے بھی جس سے جنگ کرتے تھے

سلام اس پر کہ جس کے گھر میں چاندی تھی نہ سونا تھا
سلام اس پر کہ ٹوٹا بوریا جس کا بچھونا تھا

سلام اس پر جو سچائی کی خاطر دکھ اٹھاتا تھا
سلام اس پر، جو بھوکا رہ کے اوروں کو کھلاتا تھا

سلام اس پر، جو امت کے لئے راتوں کو روتا تھا
سلام اس پر، جو فرش خاک پر جاڑے میں سوتا تھا

سلام اس پر جو دنیا کے لئے رحمت ہی رحمت ہے
سلام اس پر کہ جس کی ذات فخر آدمیت ہے

سلام اس پر کہ جس نے جھولیاں بھردیں فقیروں کی
سلام اس پر کہ مشکیں کھول دیں جس نے اسیروں کی

سلام اس پر کہ جس کی چاند تاروں نے گواہی دی
سلام اس پر کہ جس کی سنگ پاروں نے گواہی دی

سلام اس پر، شکستیں جس نے دیں باطل کی فوجوں کو
سلام اس پر کہ جس کی سنگ پاروں نے گواہی دی

سلام اس پر کہ جس نے زندگی کا راز سمجھایا
سلام اس پر کہ جو خود بدر کے میدان میں آیا

سلام اس ذات پر، جس کے پریشاں حال دیوانے
سناسکتے ہیں اب بھی خالد و حیدر کے افسانے

درود اس پر کہ جس کی بزم میں قسمت نہیں سوتی
درود اس پر کہ جس کے ذکر سے سیری نہیں ہوتی

درود اس پر کہ جس کے تذکرے ہیں پاک بازوں میں
درود اس پر کہ جس کا نام لیتے ہیں نمازوں میں

درود اس پر، جسے شمع شبستان ازل کہئے
درود اس ذات پر، فخرِ بنی آدم جسے کہئے​
​​
(ماہر القادری)
(جاری)

0 comments:

Post a Comment

خوش خبری