فن پارے
ڈاکٹر عبد الوحید
20-08-2019
آدابِ مجلس
انسانوں کو جب کسی جگہ مل بیٹھنے کا موقع میسر آئے تو سب سے اہم اور ضروری چیز یہ ہے کہ ایک دوسرے کی بات کو نہایت صبر و سکوں سے سنا جائے۔
بات مدلل اور معقول طریقے پر کی جائے۔
کسی کی بات کو درمیان میں ٹوکا نہ جائے گفتگو بہت شریفانہ اور با مذاق ہو۔
ایسے مذاق سلیم کا مظاہرہ کیا جائے جو شرف انسانیت کے شایان شان ہو کسی کو شکایت پیدا ہونے کا موقع نہ دیا جائے دل آزاری کی کوئی بات نہ کی جائے نشست و برخاست میں تہذیب اخلاق اور مروت کا ثبوت دینا چاہیے۔
دو یا چار آدمی اگر آپس میں گفتگو کر رہے ہوں تو بلا اجازت اُن کی بات میں دخل دینا نہایت معیوب بات ہے جہاں جگہ ملے بیٹھ جائے کسی کو اٹھا کے اسکی جگہ بیٹھنا آدابِ مجلس کے خلاف ہے تکیہ لگاکر یا پاؤں پھیلا کر بیٹھنا بہت برا اور آدابِ مجلس کے خلاف ہے مجلس میں کسی کی غیبت کرنا اور ہنسی اڑانا بہت نا پسندیدہ فعل ہے۔ اسلام نے خاص طور پر غیبت کو سختی سے روکا ہے۔
19-08-2019
آدابِ ملاقات
ملاقات آپس میں انس و محبت اور ہمدردی پیدا کرنے کا ذریعہ ہے اسے اجنبیت دور ہوتی ہے دل کو دل سے راہ ہوتی ہے بوقت ضرورت جان پہچان کا پاس کرتے ہوئے مدد کرنا لازم ہو جاتا ہے
ملاقات میں خلوص اور ہے غرضی دل میں انمٹ جگہ پیدا کر لیتی ہے
سلام میں ہمیشہ سبقت کی کوشش کرنی چاہیے
چھوٹا بڑے کو، راستہ چلنے والا بیٹھے ہوئے کو،سوار پیدل کو اور تھوڑے آدمی بہتوں کو سلام مصافحہ معانقہ حسب روایت کیا جا نا چاہیے
ملاقات میں اعتدال کو مدنظر رکھنا چاہیے کثرت ملاقات اور طوالت بار خاطر بن جاتی ہے-
ملاقات کے وقت ایک دوسرے کا احترام ملحوظ رہے نارو اغير ضروری گفتگو سے اجتناب ہو بے تکلف دوستی میں بھی بد کلامی اور بدتمیزی کو قریب نا آنے دیا جائے-
ہمیشہ اخلاق حسنہ کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ دیکھنے والے بھی اچھا اثر قبول کرے۔
18-08-2019
آدابِ لباس
پوشاک انسانی تمدن کی اہم ضرورت ہے۔ ہر ملک کی آب و ہوا اور تہذیب کے مطابق اس کے استعمال میں اختلاف ناگزیر ہے۔
مردوں کو ایسا لباس زیبِ تن کرنا چاہیے جو ستر پوش ہو۔ فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ بنے اور غرور اور نخوت پیدا نہ کرے۔
طبقۂ نسواں کے لیے ایسا لباس ہونا ضروری ہے جو ان کی زینت کو چھپائے۔ ان کی عزت و آبرو کا محافظ اور وقار کا حامل ہو۔
مردوں کے لیے بھڑکیلے قسم کے لباس کا استعمال ن کی مردانگی کے منافی اور مضحکہ خیز ہے۔ انسان پر لازم ہے کہ لباس سلیقے سے پہنے اور موقع محل کے مطابق سلیقہ سے استعمال کرے۔ بھونڈے اور بد وضع لباس سے پرہیز لازم ہے۔
حضور سرور دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد عالی ہے کہ النّاس باللبّاس یعنی انسان لباس سے پہچانا جاتا ہے۔
یہ ضروری نہیں ہے کہ لباس قیمتی ہو۔ البتہصاف ستھرا ہونا چاہیے۔
17-8-2019
آدابِ طعام
کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ دھونا، کلی کرنا، شروع کرتے وقت بسم اللہ الرحمٰن الرحیم پڑھنا، اپنے آگے سے کھانا، ادھر ادھر ہاتھ نا چلانا، اگر کسی چیز کی ضرورت ہو تو سلیقے سے طلب کرنا، کھانا اطمنان سے چبا چبا کے کھانا، چھینک وغیرہ آئے تو منہ پیچھے کی طرف کر لینا، خلاف طبع کوئی چیز ہو تو ناک بھوں نا چڑھانا، پانی ٹھہر ٹھہر کر پینا، کھانا ختم ہو نے پر خدا کا شکر ادا کرنا، ہاتھ دھو کر اور کلی کر کے تولیے سے ہاتھ منہ پوچھنا آداب طعام میں شامل ہے۔
کھانا کھاتے وقت غیر ضروری باتوں سے پرہیز کرنا چاہیے، ان باتوں سے اجتناب کرنا بھی آداب میں شامل ہے جو شریک طعام اصحاب کو ناگوار خاطر ہوں۔ ہر حالت میں محفل کے وقار اور شرکائے مجلس کے احترام کو ملحوظ رکھنا چاہیے۔
0 comments:
Post a Comment