آئینہ کے رکن بنیں ؞؞؞؞؞؞؞ اپنی تخلیقات ہمیں ارسال کریں ؞؞؞؞؞s؞؞s؞؞ ٓآئینہ میں اشتہارات دینے کے لئے رابطہ کریں ؞؞؞؞؞؞؞؞؞ اس بلاگ میں شامل مشمولات کے حوالہ سے شائع کی جاسکتی ہیں۔

Saturday 16 January 2021

Adab Ne Dil Ke Taqaze Uthaye Hain Kya Kya By Yaas Yagana Changezi

 ادب نے دل کے تقاضے اٹھائے ہیں کیاکیا
یاس یگانہ چنگیزی
ادب نے دل کے تقاضے اٹھائے ہیں کیا کیا 
ہوس نے شوق کے پہلو دبائے ہیں کیا کیا
اسی فریب نے مارا کہ کل ہے کتنی دور 
اس آج کل میں عبث دن گنوائے ہیں کیا کیا 
پہاڑ کاٹنے والے زمیں سے ہار گئے 
اسی زمین میں دریا سمائے ہیں کیا کیا
بلند ہو تو کھلے تجھ پہ زور پستی کا 
بڑے بڑوں کے قدم ڈگمگائے ہیں کیا کیا 
خوشی میں اپنے قدم چوم لوں تو زیبا ہے 
وہ لغزشوں پہ مری مسکرائے ہیں کیا کیا
خدا ہی جانے یگانہؔ میں کون ہوں کیا ہوں 
خود اپنی ذات پہ شک دل میں آئے ہیں کیا کیا

یاس یگانہ چنگیزی
(1883 - 1956)
مرزا واجد حسین نام، پہلے یاس تخلص کرتے تھے، بعد میں یگانہ ہو گئے۔ ابتدا میں مولوی سید علی خاں بیتاب سے اصلاح سخن لیتے تھے۔ بعد میں شاد عظیم آبادی کے شاگرد ہو گئے ۔ 1904 میں کلکتہ گئے، وہاں بیماری نے طول کھینچا تو علاج کے لیے لکھنؤ آئے لکھنؤ ہی میں شادی کی اور یہیں بس گئے لکھنؤ کے زمانہ قیام میں کئی ہم عصروں سے ان کے معرکے رہے۔ لکھنؤ میں غالب کے کلام کی مقبولیت کے باعث یگانہ مرزا غالب کے خلاف ہو گئے ۔ خود کو غالب شکن کہتے تھے۔
ان کی شخصیت میں خود پسندی بہت تھی۔ آزاده روی ان کے مزاج کی خاصیت تھی ۔ کلام میں قوت اور زور کے ساتھ ساتھ تلخی بہت ہے۔ ان کی شاعری میں ایک خاص طرح کی انفرادیت کا رنگ حاوی ہے۔ بول چال کے ایسے الفاظ بھی جو ادبی زبان کا حصہ نہیں ہیں، معنی میں تیزی اور تندی لانے کے لیے استعمال کرتے تھے۔ ان کی رباعیاں بھی مشہور ہیں ۔ کلام کے مجموعے ” آیات وجدانی‘‘ اور" گنجینہ" کے نام سے شائع ہوئے۔ ان کا کلیات اردو کے نامور محقق مشفق خواجہ نے مرتب کر کے شائع کیا ہے۔

0 comments:

Post a Comment

خوش خبری