آئینہ کے رکن بنیں ؞؞؞؞؞؞؞ اپنی تخلیقات ہمیں ارسال کریں ؞؞؞؞؞s؞؞s؞؞ ٓآئینہ میں اشتہارات دینے کے لئے رابطہ کریں ؞؞؞؞؞؞؞؞؞ اس بلاگ میں شامل مشمولات کے حوالہ سے شائع کی جاسکتی ہیں۔

Monday 4 July 2022

Allah Ke Khalil: Hazrat Ibrahim Alaihissalam ke Halat e Zindagi (Day-4)

 اللہ کے خلیل
حضرت ابراہیم علیہ السلام 
کےحالاتِ زندگی
نمرود سے مکالمہ 
بادشاہ وقت نمرود کے کانوں تک یہ بات پہنچ چکی تھی، اس نے سوچا کہ اس دعوت و تبلیغ کا سلسلہ یوں ہی چلتا رہا تو میری شہنشاہی و خداوندی کے لیے ایک مستقل خطرہ ہے، اسے فوراً ختم کرنا چاہیے یہ سوچ کر اس نے ابراہیم علیہ السلام کو دربار میں حاضر کرنے کا حکم دیا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام دربار میں شاہ نمرود کے سامنے لائے گئے۔ 
نمرود:- تم باپ دادا کے دین کی مخالفت کیوں کرتے ہو؟ اور مجھے رَب ماننے سے کیوں انکار کرتے ہو؟
ابراہیمؑ:- میں صرف خدائے واحد کا پرستار ہوں۔ کسی کو اس کا شریک نہیں مانتا، وہی ساری کائنات کا خالق ہے۔ میرا بھی وہ اسی طرح خالق ہے جس طرح سب کا۔ تو پھر تو ”رب“ کس طرح ہوسکتا ہے اور یہ گونگے بہرے لکڑی اور پتھر کے گھڑے ہوئے بُت بھی؟ میں نے جو راه اختیار کی ہے وہی حق ہے اور تم سب کی غلط۔
 نمرود:- میرے علاوہ اگر تمھارا کوئی اور ”رب“ ہے تو اس کا کوئی ایسا وصف بیان کرو جو مجھ میں نہ پایا جاتا ہو۔ 
ابراہیم:- میرا رب وہ ہے جس کے قبضے میں موت و حیات ہے، جس کو چاہتا ہے زندگی بخشتا ہے اور جس کو چاہتا ہے موت دیتا ہے۔ 
نمرود:- یہ کیا بڑی بات ہے یہ تو میں بھی کرتا ہوں اور کر سکتا ہوں۔ یہ کہہ کر اُسی وقت ایک شخص کے بارے میں جلّاد کو حکم دیا کہ اس کی گردن اڑا دو۔ جلّاد نے اُسی وقت تعمیل کی، پھر ایک مجرم کو جیل خانے سے بلا کر حکم دیا کہ جاؤ! ہم نے تمھاری جان بخشی کی، یہ سب کرنے کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرف دیکھ کر کہا، دیکھو! میں بھی زندگی بخش سکتا ہوں اور مار سکتا ہوں
ابراہیمؑ سمجھ گئے کہ وہ یا تو موت و حیات کی حقیقت کو نہیں سمجھتا یا پھر اپنی قوم کو مغالطہ دینا چاہتا ہے، حالانکہ موت و حیات اس عمل کا نام نہیں جو نمرود نے بھرے دربار میں کر دکھایا۔ بلکہ زندگی نام ہے عدم سے وجود میں لانے کا، نیست سے ہست کرنے کا اور موت نام ہے، اس وجود پر عدم طاری کرنے کا اور ہست کو نیست کرنے کا ، خواہ اس عدم کا کوئی ظاہری سبب ہو یا نہ ہو۔ جس مخلوق کو جس قدر زندگی خدا نے دی ہے، اتنی مدّت پوری کرنے کے بعد پھر اس کی روح قبض کرلی جاتی ہے اس کی زندگی کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ اور پھر کسی طاقت کے بس میں یہ بات نہیں کہ اس کی زندگی کو پھر واپس کر دے یا اس کو ختم نہ ہونے دے۔
اگر ایسا ہوتا تو خدائی کے دعوے داروں کی اولاد کو کبھی اپنے باپ کے تخت خدائی پر بیٹھنے کی نوبت ہی نہ آتی،حضرت ابراہیم علیہ السلام نے نمرود کی سیاسی حال کو فوراً سمجھ لیا کہ وہ مباحثے اور مناظرے کی دلدل میں پھنسا کر اپنا مقصد حاصل کرنا چاہتا ہے، اس لیے آپ نے استدلال کے انداز کو بدل دیا اور فرمایا:
دلیل کا نیا انداز
”میں جس ہستی کو اللہ کہتا ہوں مانتا ہوں وہ سورج  کو مشرق کی طرف سے نکالتا ہے اور مغرب کی طرف لے جاتا ہے، پس اگر تم اپنے خدائی کے دعوے میں سچے ہو، تو تم سورج کو مشرق کی بجاے مغرب سے نکالو اور مشرق کی طرف لے جاؤ“۔ اب نمرود لاجواب تھا اور خاموشی کے سوا اس کے پاس کوئی جواب نہ تھا نہ مقابلے کی طاقت اور نہ اپنی قوم کو مزید مغالطے میں پھنسانے کے لیے کوئی سبیل رہ گئی تھی۔
شاہ وقت، باپ اور قوم کے دلوں نے تو اس بات کا اقرار کرلیا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام جو کچھ کہتے ہیں وہ حق ہے .... اور بتوں کی خدائی کے معاملے میں تو وہ کھلّم کھلّا اس بات کے اقراری تھے کہ ابراہیمؑ جو کچھ کہتے ہیں وہی درست ہے لیکن اس کے باوجود وہ قبول حق اور راہِ مستقیم اختیار کرنے کے لیے اپنے آپ کو آمادہ نہ کر سکے، بلکہ حق کے خلاف ان کی رگِ عصبیت بھڑک اٹھی۔ شاہ و رعایا، سب نے متفقہ فیصلہ کردیا کہ دیوتاؤں کی توہین والے کو آگ میں جلا دیا جائے کیونکہ تحقیرِ دینِ آبا جیسے سخت جرم کی یہ ہی سزا ہوسکتی ہے۔

0 comments:

Post a Comment

خوش خبری