آئینہ کے رکن بنیں ؞؞؞؞؞؞؞ اپنی تخلیقات ہمیں ارسال کریں ؞؞؞؞؞s؞؞s؞؞ ٓآئینہ میں اشتہارات دینے کے لئے رابطہ کریں ؞؞؞؞؞؞؞؞؞ اس بلاگ میں شامل مشمولات کے حوالہ سے شائع کی جاسکتی ہیں۔

Saturday, 10 September 2022

Dastan-Sargazisht Azad Bakht Badshah ki-Mir Amman-NCERT Urdu Solutiona Class 11

سر گذشت آزاد بخت بادشاہ کی

 سوال 1: داستان کسے کہتے ہیں اور اس کی اہم خصوصیات کیا ہیں؟

جواب: داستان ایک طویل اور مسلسل قصے کو کہتے ہیں ۔اس میں واقعات کو پرکشش انداز میں پیش کیا جا تا ہے تا کہ پڑھنے والے کی دلچسپی  برقرار رہے اور پڑھنے والا سوچتا رہے کہ آگے کیا ہوگا ۔ داستان میں سیدھی سادی باتوں کے علاوہ مافوق الفطری واقعات بھی پیش کیے جاتے ہیں ۔حسن وعشق کی باتیں، شہزادوں اور پریوں کی ملاقاتیں، زندگی کی چھوٹی بڑی وارداتیں، پیچیدگیاں ، الجھنیں اور عجیب وغریب باتیں ہوتی ہیں ۔ زبان و بیان کی دلکشی اور لطف داستان کے لیے ضروری ہے ۔ عام طور سے داستانوں کے اندر کئی قصے  ہوتے ہیں یا ایک قصے کے اندر دوسرے قصے بیان کیے جاتے ہیں ۔

سوال 2: میرامن کے طرز تحریر کی اہم خصوصیات کیا ہیں؟

 جواب: میر امن کا طرز تحریر سادہ سلیس اور رواں دواں ہے ان کے اسلوب میں شگفتگی اور تازگی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک طویل عرصہ گزرجانے کے بعد بھی ان کی عبارت سے اجنبیت ظاہر نہیں ہوتی ۔ ان کی زبان سادہ سلیس اور با محاورہ زبان ہے ۔ان کی تحریر میں آج کی سی تازگی اور رعنائی ہے ۔اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے بول چال کی آسان زبان استعمال کی ہے مثلا شب برات کو  انہوں نے شبرات لکھنا زیادہ پسند کیا ہے ۔اس لئے آج بھی ان کے اسلوب کی دلکشی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ میر امن کا اسلوب سادہ پسلیس اور رواں دواں ہے یا یوں کہئے کہ میر امن کے یہاں سادگی میں پر کاری نظر آتی ہے۔

سوال 3: بادشاہ نے سوداگرکو کیا کیا سہولتیں دے رکھی تھیں؟

 جواب : بادشاہ نے سوداگر کوسند راه داری لکھ کر دی تھی جس کا مطلب تھا وہ اس کے پورے ملک میں بغیر روک ٹوک تجارت کر سکتا تھا اور اس سے کوئی ٹیکس وصول نہ کیا جائے ۔اس کے علاوہ ہر جگہ اس کے آرام کا خیال رکھا جاۓ ۔ بادشاہ نے سوداگر کو دربار میں حاضر ہونے کی بھی اجازت دے رکھی تھی۔

سوال 4: وزیر نے بادشاہ کو کیا نصیحت کی؟

 جواب : وزیر نے بادشاہ کو یہ نصیحت کی کہ بادشاہوں کو ایک حقیر سے پتھر کی اس قدر تعریف نہیں کرنی چاہئے کیونکہ آپ کے دربار میں بہت سے ملکوں کے سفیر حاضر ہیں جب یہ لوگ اپنے ملکوں میں جا کر آپ کے اس عمل کے بارے میں بتائیں گے تو وہاں کے لوگ آپ کا مذاق اڑائیں گے۔

سوال: بادشاہ نے وزیرکوسزا کیوں دی؟

 جواب : وزیر نے بادشاہ کو بتایا کہ آپ کے جواہر سے بڑے سات جواہر ایک سوداگر نے اپنے کتے کے پٹے میں لگا کر اس کے گلے میں ڈال رکھے ہیں ۔ بادشاہ کو وزیر کی یہ بات پسند نہیں آئی بلکہ اسے یہ بات بالکل جھوٹ لگی ۔اس لئے اس نے وزیر کوسزادی

سوال: فرنگ کے بادشاہ کے سفیر نے وزیرکوسزاۓ موت سے کیسے بچایا؟ 

جواب: فرنگ کے بادشاہ کے سفیر نے کہا کہ جب تک اس کا جرم ثابت نہ ہو جاۓ اس وقت تک اسے سزاۓ موت نہ دی جاۓ اور اس طرح اس نے وزیرکوموت کی سزا سے بچالیا۔

Sunday, 10 July 2022

Paigham e Eid - Dr. Shah Hasan Usmani

عید کا پیغام
پروفیسر شاہ حسن عثمانی

قربانی کا ایک بنیادی مقصد یہ ہے کہ انسان اللہ سے بے پناہ محبت وتعلق کا اظہار کرے۔ وہ اس کی محبت کو دنیا کی تمام چیزوں کی محبت پر ترجیح دے۔ وہ اس کے لئے اپنی محبوب سے محبوب چیز کو قربانی کرنے میں دریغ نہ محسوس کرے۔ ابراہیم علیہ السلام کو جو قربانی کا حکم دیا گیا تھا اس کا مقصد اس کے علاوہ کچھ نہ تھا کہ جب تک انسان اپنے آپ کو اس مرحلہ تک نہ پہنچاتا اس وقت تک اس کا ایمان مکمل نہیں ہوسکتا اور اس کے اندر ایمان کی حلاوت پیدا نہیں ہوسکتی۔ ایمان کی شرط ہے۔ ”اللہ اور اس کے رسولﷺ انسان کی نظر میں ساری دنیا سے محبوب ہوجائیں“ (بخاری) 
دوسرا اصل مقصر تو نفس کی قربانی ہے۔ جانور کا ذبح کرنا تو صرف ایک علامت ہے۔ اصل چیز تو یہ دیکھنا ہے کہ آدمی نے خود کو کتنا پاک کرلیا ہے۔ خدا تک پہنچنے میں کوئی چیز حائل تو نہیں ہے۔ وہ غیر اللہ سے بالکل کٹ چکا یا نہیں ۔ اس نے اپنے آپ کو دامن میں چھپے ہوۓ شیطان سے نجات دلا یا نہیں۔ اس نے اپنے کعبہ دل کے لات و منات کو توڑا کی ہیں۔ اگر قربانی کرنے کے بعد بھی انسان ان برائیوں سے پاک نہیں ہوا کہ وہ اللہ کے علاوہ دوسری باطل قوتوں پر بھی اعتماد کرتا ہے۔ وہ غیر اللہ کی مدد بھی چاہتا ہے۔ وہ اللہ کے احکام کی پابندی بھی نہیں کرتا۔ اس کے دل میں اسلام پر پورے طور پر عمل پیرا ہونے کا جذبہ بھی نہیں ہے۔ تو ظاہر ہے ایسی قربانی کیا کام آسکتی ہے۔ کیونکہ اللہ تعالی قربانی کے جانور اور اس کے خون کو نہیں دیکھتا۔ وہ تو دراصل حسن نیت،تقویٰ، پاکیزگی اور سپردگی کو دیکھتا ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے ”اللہ تک تمہارے جانوروں کا خون اور گوشت نہیں پہنچتا۔ لیکن تقویٰ ضرور پہنچتا ہے۔“ (سورہ الحج)۔
 یہی وجہ ہے کہ جب قربانی کا وقت آتا ہے تو بندہ پوری عاجزی و انکساری کے ساتھ اس بات کا اقرار کرتا ہے کہ خدا ہی کے لئے سب کچھ ہے۔ وہی آسمان اور زمین کا پیدا کرنے والا ہے۔ وہی حاکم اور مختار کل ہے۔ اسی کے قبضہ قدرت میں سب کچھ ہے۔ ہم اسی کے حکم کے پیرو ہیں۔ میری نماز، میری قربانی ، میرا مرنا، میرا جینا سب کچھ اللہ ہی کے لئے ہے۔ اس کا کوئی شریک نہیں۔
تیسرے یہ کہ ان ہی دنوں میں حجاج کرام منیٰ میں ایام تشریق گزارتے ہیں اور طواف و قربانی کرتے ہیں اور عام مسلمان اپنے گھر میں قربانی کرتے ہیں تو گویا یہ اس بات کا اعلان ہوتا ہے کہ ہم گو حالات حج میں نہیں ہیں مگر حاجیوں کے شریک حال ضرور ہیں۔ قربانی کی اس اہمیت کے بعد کون ایسا بد نصیب ہوگا جو استطاعت رکھنے کے باوجود قربانی سے اعراض کرتا ہوگا۔ احادیث میں ایسے لوگوں کو موردعتاب ٹھہرایا گیا ہے جو قدرت کے باوجود قربانی نہیں کرتے۔ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا "جو  شخص طاقت رکھتا ہو پھر بھی وہ قربانی نہ کرے وہ ہماری عید گاہ میں نہ آئے"۔

(پروفیسر شاہ حسن عثمانی کے خطبات پر مبنی کتابچہ” استقبال ِ رمضان و عیدین“ سے ماخوذ)

Friday, 8 July 2022

Allah Ke Khalil: Hazrat Ibrahim Alaihissalam ke Halat e Zindagi (Day-8)

 اللہ کے خلیل
حضرت ابراہیم علیہ السلام 

کےحالاتِ زندگی 

اعلانِ حج

حضرت ابراہیم علیہ السلام تعمیر سے فارغ ہو گئے تو جبریل علیہ السلام آئے، تمام مقامات حج کی نشاندہی کی، اور اسی موقع پر اللہ کا حکم پہنچا کہ لوگوں کو حج کے لیے پکارو! قرآن کے الفاظ کا ترجمہ یہ ہے:-

( لوگوں میں اعلان کردو حج کے لیے، وہ آئیں گے پیدل اور دُبلی اونٹنیوں پر سوار، جو آئیں گی ہر چوڑے اور گہرے راستے سے) 

 صاحب تفسیر ابن کثیر نے اپنی تفسیر میں لکھا ہے کہ:-

جب خدا کا حکم ابراہیم کو پہنچا تو انھوں نے عرض کیا پروردگار میری آواز لوگوں تک کیسے پہنچ سکتی ہے۔ ارشاد ہوا، تم پکارو! ہم تمھاری آواز لوگوں تک پہنچا دیں گے۔

صاحب تفسیر جلالین نے لکھا ہے کہ ابراہیم علیہ السلام نے جبل بوقبیس پر پڑھ کر اس طرح اعلان کیا:-

”لوگو اللہ نے ایک گھر بنایا ہے اور تم پر حج فرض کیا ہے لہذا تم اپنے پروردگار کی پکار پر لبیک کہو“

خدا کی قدرت آپ کا یہ اعلان یورپ ،پچھم ، اُتّر، دکھن کی آخری حدوں تک سنا گیا اور سننے والوں نے لبیک کہا۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام خود بھی ہر سال حج کے لیے آتے، آپ کے بعد انبیا اور ان کی اُمّتیں حج کے لیے آتی رہیں۔ حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل نے اپنے تمام حج پیدل کیے۔

ایک روایت ہے کہ پچھتر انبیائے کرام علیہم السلام نے حج کیا اور منیٰ میں نماز ادا کی۔

عجائبات کا ظہور 

حضرت ابراہیم علیہ السلام سے بہت سے عجائبات کا تعلق ہے ان سب کا احاطہ اس میں نہیں کیا جا سکتا، صرف چند کا اختصار کے ساتھ یہاں ذکر کیا جاتا ہے۔ 

(۱) سب سے پہلے آپ نے مکہ کو آ باد کیا، اپنی اولاد کو وہاں بسایا،پہلے وہاں کوئی آبادی نہ تھی۔

(۲) خانہ کعبہ جو ایک سرخ ٹیلا کی شکل میں تھا اسے تعمیر کیا۔ 

(۳)کعبہ کی تعمیر کے بعد، اللہ کے حکم سے آپ حج کا اعلان کیا اور اللہ تعالی نے آپ کے اعلان کی آواز کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچا دیا۔

عمر میں اختلاف

وقت وفات، آپ کی عمر کے بارے میں کئی قول ہیں، کسی مورخ نے ایک سو پچھتر سال، کسی نے نوّے اور کسی نے دو سو سال بتائی ہے۔

 حضرت اسماعیل اور حضرت اسحاق نے حضرت سارہ کی قبر کے پاس آپ کو دفن کیا۔ 

Thursday, 7 July 2022

Allah Ke Khalil: Hazrat Ibrahim Alaihissalam ke Halat e Zindagi (Day-7)

 اللہ کے خلیل
حضرت ابراہیم علیہ السلام 
کےحالاتِ زندگی

سیده با جرہ کو خود سیدہ سارہ نے حضرت ابراہیم کی زوحبت میں دیا تھا۔ نکاح کے پہلے سال ہی حضرت اسماعیل کی ولادت باسعادت ہوئی۔ ابھی آپ شکم مادری میں تھے کہ اللہ تعالی نے فرشتہ کے ذریہ بشارت دی اور فرشتے نے رو برو آ کر یہ خوش خبری دی کہ آپ کے ہاں بیٹا تولد ہو گا۔ بحکم الہی اس کا نام اسماعیل رکھنا اور یہ بھی خوش خبری سنائی کہ اس کی اولا داس کثرت سے پھیلے گی کہ گنی نہ جا سکے گی۔
تعمیرِکعبہ
حںضرت ابراہیم پہلی دو بار جب حضرت اسماعیل کے گھر گئے تب خیریت پوچھی اور واپس ہو گئے لیکن تیسری باری آئے تو اس خدائی حکم کے ساتھ کہ ملہ میں قیام کر کے خانہ کعبہ کی تعمیر کریں ۔ مکہ آئے تو حضرت اسماعیل کو ایک درخت کےنیچے زم زم کے قریب اس حال میں دیکھا کہ بیٹھے تیر بنارہے ہیں حضرت اسماعیل باپ کو دیکھتے ہی فورا کھڑے ہو گئے اور سلام کے بعد گلے ملے ۔ حضرت ابراہیم نے کہا:-
بیٹا ! اللہ تعالی نے مجھے ایک حکم دیا ہے۔ 
عرض کیا۔ تو اطاعت کہیے۔
 فرمایا، تم میری مدد کرو گے؟
عرض کیا، کیوں نہیں
فرما یا اللہ نے مجھے حکم دیا ہے، کہ یہاں ایک گھر بناوں جس میں خدا کی عبادت کی جائے۔ عرض کیا ضرور۔
 تعمیر کی کیفیت
اس گفتگو کے بعد خانہ کعبہ کی تعمیر شروع کر دی گئی۔حضرت اسماعیل  پتھر اٹھا اٹھا کر لاتے اور حضرت ابراہیم خدا کا گھر بناتے جاتے ۔ جب دیوار ذرا اونچی ہو گئی تو حضرت اسماعیل ایک بڑا سا پتھر اٹھا کر لائے اور دیوار کے پاس رکھ دیا۔ تاکہ حضرت ابرا ہیم اس پر کھڑے ہو کر تعمیر کا کام انجام دیں۔ اسی پتھر کا مع اس جگہ کے جہاں یہ پتھر رکھا گیا تھا، ”مقام ابراہیم“ نام ہے ۔ تعمیر کے وقت باپ بیٹے کی زبان پر یہ دعا
”اے ہمارے پالن ہار! ہم سے قبول فرما ، تو سنے والا، جاننے والا ہے“۔
اس تعمیر میں مٹی چونے کا استعمال نہیں ہوا تھا، بس پتھر پر پتھر رکھ دیے گئے تھے ، چھت بھی نہیں تھی ، تعمیر کے وقت حضرت اسماعیل کی عمر بیس سال کی تھی حضرت ابراہیم نے کعبہ سے متصل مقام حجر میں، حضرت اسماعیل کی بکریوں کے لیے باڑا بنا دیا تھا۔ اس پر پیلو کی لکڑیوں کی چھت تھی تعمیر سے پہلے کعبہ ایک سرخ ٹیلا تھا، جسے سیلاب ادھر ادھر سے کاٹتا رہتا تھا۔
حجر اسود کی حقیقت
جب تعمیر کعبہ اختتام کو پہنچ رہی تھی ، توحضرت ابراہیم علیہ السلام نے حضرت اسماعیل سے کہا کوئی ایسا پتھر لا‎‎‎ؤ جسے طواف کرنے والوں کے لیے بطور علامت رکھ دوں، تاکہ وہیں سے طواف کا آغاز کیا جائے ۔ کہا جاتا ہے کہ اس پتھر کو حضرت جبریل علیہ السلام جبل بو قبیس سے لائے تھے، یہ بھی روایت ہے کہ یہ بہت روشن تھا، غرض کہ یہ پھر حضرت ابراہیم نے دیوار کعبہ میں اس مقام پر رکھ دیا جہاں وہ اب بھی موجود ہے۔


Wednesday, 6 July 2022

Allah Ke Khalil: Hazrat Ibrahim Alaihissalam ke Halat e Zindagi (Day-6)

 اللہ کے خلیل
حضرت ابراہیم علیہ السلام 
کےحالاتِ زندگی
حقوق العباد کا لحاظ
 حضرت ابراہیمؑ علی السلام ، اپنے حکم اور رفیق القلبی ، شفقت اور باپ سے تعلن خاطر کی بنا پر، حسب وعدہ اپنے باپ کے حق میں دعائے مغفرت کرتے رہے اگرچہ ان سے الگ ہو گئے تھے مگر اللہ تعالی نے حضرت ابراہیمؑ کو مطلع کیاکہ آ زر اپنی عقل واستعداد کوغلط راہوں پر ڈال چکا ہے اور راہ راست پر آنے کی
تمام صلاحیتیں ختم کر ڈالی ہیں اور اب وہ ایمان نہیں لائے گا ۔۔۔۔ خدا کی طرف سے اس اطلاع کے بعد حضرت ابراہیمؑ نے آزر کے لیے استغفار کو ترک کر دیا۔ سوره توبه  قرآن مجید میں حضرت ابرہیم  کے ترک استنفار کو وضاحت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔
ناحق ایذارسانی کے با وجود بندہ مومن حقوق العباد کا کس قدر پاس ع لحاظ رکھتا ہے حضرت ابراہیمؑ کا عمل، اس کی بین شہادت ہے
فلسطین و مصر
غرض کہ حضرت ابراہیمؑ علی اسلام اسی طرح دعوت حق  کے سلسلے میں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتے رہے۔ کچھ دنوں بعد آپ فلسطین پہنے ، اس سفر میں بھی حضرت لوط حضرت ساره اور حضرت لوط کی اہلیہ ، آپ کے ہمراہ تھیں فلسطین کی مغر بی سمت آپ نے سکونت اختیار کی ۔ اس زمانے میں اس علاقے پر کنعانیوں کی حکومت تھی۔ یہاں سے آپ شکیم نا بلس تشریف لے گئے۔ کچھ دنوں قیام کے بعد پھر سفر شروع کیا۔ اور مصر پہنچے جہاں فراعنہ کی حکومت تھی۔ اس وقت کے فرعون نے حضرت سارہؑ کے ساتھ نامناسب حرکت کا مرتکب ہونا چاہا لیکن خدانے آپ کو محفوظ رکھا۔ حدیث کی مشہور کتب بخاری و مسلم نے تفصیلکے ساتھ اس واقعے کو بیان کیا ہے، تورات میں بھی اس کا مفصل ذکرہے، حدیث اور تورات کے بیان واقعہ میں جزوی اختلاف ضرور پایا جاتا ہے مگر مدعا دونوں کا ایک ہی ہے، وہ یی کہ شاہ مصر فرعون جس کا تعلق نسبا سامی خاندان سے تھا اور اسی لیے حضرت ابراہیمؑ سے جو سامی تھے ، خاندانی قرابت رکھتا تھا، جب حضرت ابرا ہیم آپ کے بھتیجے لوط اور آپ کی بیوی سارہؑ مصر پہنچے اور فرعون سے ملاقات ہوئی تو کوئی بات اس نے ضرور ایسی دیکھی جس سے اس کو یقین ہوگیا کہ ابراہیمؑ اور ان کا خاندان مقبول بارگاہ خداوندیہے اور اسی لیے اس نے آپ کا بہت اعزاز واکرام کیا ، مال و متاع سے نوازا اور خاندانی تعلق کو استحکام بخشنے کے لیے اس نے اپنی بیٹی ہاجره ووالده حضرت اسماعیل کو آپ کی زوجیت میں دے دیا۔ جو اس زمانے کے رواج کے مطابق حضرت ساره آپ کی پہلی اور بڑی بیوی کی خادمہ قرار پائیں حضرت ہاجرہؑ ، فرعون کی بیٹی تھیں ، لونڈی نہیں ۔ ان کے لونڈی ہونے کا وہم اس لیے ہوتا ہے کہ فرعون نے حضرت سارہؑ اور حضرت ابراہیمؑ کو اپنی بیٹی حوالے کرتے وقت یہ کہا تھا کہ وہ سارہؑ کی خدمت گزار ر ہے گی خدمت گزار کا وہ مفهوم نہیں جوزرخرید  یا خاندانی لونڈی کا ہوتا تھا حضرت ہاجرہؑ کی طرف خادمہ کی نسبت سے، حضرت اسماعیل کی اولاد کو کم درجے کا سمجھ کر یا ظا ہر کر کے بنی اسرائیل کا اپنے خاندانی علو مرتب پر فخر بالکل نا مناسب جوصرف تحریف تورات کا کرشمہ ہے کہ واقعے کی تفصیلات حذف کر کے حضرت ہاجره کے بارے میں صرف لونڈی کا لفظ رہنے دیا گیا۔


Tuesday, 5 July 2022

Allah Ke Khalil: Hazrat Ibrahim Alaihissalam ke Halat e Zindagi (Day-5)

 اللہ کے خلیل
حضرت ابراہیم علیہ السلام 
کےحالاتِ زندگی
آگ کا سرد ہونا
عقل و دلیل کی تمام سرحدوں کو توڑ کر ، شاہ اور قوم، جب ظلم و جبر کی منزل پر اُتر آئے اور دہکتی آگ کے شعلے، حق گوئی کی سزا تجویز کر دی گئی، ایک طرف یہ ہو رہا تھا، دوسری طرف حضرت ابراہیم علیہ السلام تھے کہ گھر اور باہر سب طرف مخالفت ہی مخالفت کا ہجوم تھا۔ کسی طرف سے ہمدردی کی مدھم سی آواز کی بھی توقع نہ ره گئی تھی، تمام
مادّی سہارے مفقود تھے، ایسے وقت میں حضرت ابراہیمؑ کو جس زبردست سہارے نے قوی دل اور جواں ہمت بنائے رکھا، وہ خداے بزرگ و برتر کی ذاتِ اقدس تھی،جس کے مقابلے میں بڑی سے بڑی مادّی طاقتیں ہیچ ہوکر رہ جاتی ہیں۔ یہی سہارا ہمیشہ حق کا ساتھی رہا ہے، اور اسی سہارے نے حق گویوں کو ظلم و باطل پر فتح دلائی ہے۔ یہی سہارا اس نازک وقت میں حضرت ابراہیمؑ کے کام آیا۔
سزا کے لیے ایک خاص جگہ تیار کی گئی۔ لکڑیوں کا ایک انبار اکٹھا کیا گیا، مسلسل کئی دن تک آگ دہکائی گئی، جس کی گرمی کا یہ حال تھا کہ دور دور تک اس کی حدّت سے چیزیں جھلس گئی تھیں۔ اس آگ میں ایک خاص ڈھنگ سے اللہ کے نیک اور برگزیدہ بندے حضرت ابراہیمؑ کو پھینک دیا گیا۔
قرآن مجید، جس کی صداقت شک و شبہ سے بالاتر ہے، وہ اللہ تعالیٰ کی نصرت کا حال اس طرح بیان کرتا ہے کہ ایک طرف نمرود اور اس کی قوم اپنے ہلاکت آفریں مادّی کی انتظام پر مطمئن تھے کہ اب ابراہیمؑ کے بچ نکلنے کی کوئی صورت نہیں، لیکن اللہ تعالیٰ جس نے آگ کو جلانے، پانی کو آگ بجھانے اور ہوا کو سرد کرنے کی اور کائنات کی ہر چیز کو کوئی نہ کوئی خاصیت اور طاقت بخشی ہے، جو اتنی عظیم قدرت کا، بلا شرکت غیرے مالک ہے، وہ اس بات کی بھی پوری پوری قدرت رکھتا ہے کہ وہ جب چاہے اور جس چیز سے چاہے اپنی دی ہوئی طاقت و خاصیت کو سلب کرلے۔ اگر وہ صرف دینے کی طاقت رکھے اور سلب کر لینے کی نہ رکھے۔ تو یہ عقل میں نہ آنے والی بات
ہے، تو اس خداے قادر و توانا نے، آگ کو حکم دیا کہ
”اے آگ! ابراہیمؑ کے لیے ٹھنڈک اور سلامتی بن جا“ آگ نے امر الٰہی کی تعمیل کی اور حضرت ابراہیمؑ کا بال بیکا نہ ہوا۔
ترک وطن
اب وہ وقت آگیا تھا کہ حضرت ابراہیمؑ ،دلائل و براہین کی ساری قوّتیں صرف کرنے کے بعد یہ سوچیں کہ ان کی قوم قبول حق کے لیے آمادہ نہیں ہوسکتی، کیوں کہ اس نے اپنی عقلی و فکری صلاحیتوں کو صحیح راہ پر صرف کرنے کے بجاے، اپنی خواہشات و مرضیات کا تابع بنالیا تھا اور ان کے اختیار فکری و عقلی نے ضلالت و گمراہی کو ہی ان کی نظروں میں پسندیده بنا دیا تھا۔ اس لیے حضرت ابراہیم علیہ السّلام کے لیے اس کے سوا کوئی چارہ کار نہیں رہ گیا تھا کہ وہ اعلان و تبلیغ حق کے لیے کسی دوسری سرزمین کا رُخ کریں۔ چنانچہ آپ نے اپنے وطن قصبہ اُور کو خیر باد کہا اور اپنے بھتیجے حضرت لوط علیہ السّلام (لوط بن ہازن بن آزار) اور اپنی بیوی حضرت سارہؓ (اس وقت تک یہ ہی دو آپ پر ایمان لائے تھے) کے ساتھ، اُور کلدانیین میں پہنچے جو فرات کے مغربی کنارے کے قریب ایک بستی تھی، یہاں کچھ دنوں قیام فرمایا، پھر بیوی اور بھتیجے کے ساتھ حرّان چلے گئے اور اپنا وقت وہاں کے لوگوں کے سامنے پیغام حق پہنچانے میں صرف کرنے لگے۔
(جاری)

Monday, 4 July 2022

Allah Ke Khalil: Hazrat Ibrahim Alaihissalam ke Halat e Zindagi (Day-4)

 اللہ کے خلیل
حضرت ابراہیم علیہ السلام 
کےحالاتِ زندگی
نمرود سے مکالمہ 
بادشاہ وقت نمرود کے کانوں تک یہ بات پہنچ چکی تھی، اس نے سوچا کہ اس دعوت و تبلیغ کا سلسلہ یوں ہی چلتا رہا تو میری شہنشاہی و خداوندی کے لیے ایک مستقل خطرہ ہے، اسے فوراً ختم کرنا چاہیے یہ سوچ کر اس نے ابراہیم علیہ السلام کو دربار میں حاضر کرنے کا حکم دیا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام دربار میں شاہ نمرود کے سامنے لائے گئے۔ 
نمرود:- تم باپ دادا کے دین کی مخالفت کیوں کرتے ہو؟ اور مجھے رَب ماننے سے کیوں انکار کرتے ہو؟
ابراہیمؑ:- میں صرف خدائے واحد کا پرستار ہوں۔ کسی کو اس کا شریک نہیں مانتا، وہی ساری کائنات کا خالق ہے۔ میرا بھی وہ اسی طرح خالق ہے جس طرح سب کا۔ تو پھر تو ”رب“ کس طرح ہوسکتا ہے اور یہ گونگے بہرے لکڑی اور پتھر کے گھڑے ہوئے بُت بھی؟ میں نے جو راه اختیار کی ہے وہی حق ہے اور تم سب کی غلط۔
 نمرود:- میرے علاوہ اگر تمھارا کوئی اور ”رب“ ہے تو اس کا کوئی ایسا وصف بیان کرو جو مجھ میں نہ پایا جاتا ہو۔ 
ابراہیم:- میرا رب وہ ہے جس کے قبضے میں موت و حیات ہے، جس کو چاہتا ہے زندگی بخشتا ہے اور جس کو چاہتا ہے موت دیتا ہے۔ 
نمرود:- یہ کیا بڑی بات ہے یہ تو میں بھی کرتا ہوں اور کر سکتا ہوں۔ یہ کہہ کر اُسی وقت ایک شخص کے بارے میں جلّاد کو حکم دیا کہ اس کی گردن اڑا دو۔ جلّاد نے اُسی وقت تعمیل کی، پھر ایک مجرم کو جیل خانے سے بلا کر حکم دیا کہ جاؤ! ہم نے تمھاری جان بخشی کی، یہ سب کرنے کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرف دیکھ کر کہا، دیکھو! میں بھی زندگی بخش سکتا ہوں اور مار سکتا ہوں
ابراہیمؑ سمجھ گئے کہ وہ یا تو موت و حیات کی حقیقت کو نہیں سمجھتا یا پھر اپنی قوم کو مغالطہ دینا چاہتا ہے، حالانکہ موت و حیات اس عمل کا نام نہیں جو نمرود نے بھرے دربار میں کر دکھایا۔ بلکہ زندگی نام ہے عدم سے وجود میں لانے کا، نیست سے ہست کرنے کا اور موت نام ہے، اس وجود پر عدم طاری کرنے کا اور ہست کو نیست کرنے کا ، خواہ اس عدم کا کوئی ظاہری سبب ہو یا نہ ہو۔ جس مخلوق کو جس قدر زندگی خدا نے دی ہے، اتنی مدّت پوری کرنے کے بعد پھر اس کی روح قبض کرلی جاتی ہے اس کی زندگی کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ اور پھر کسی طاقت کے بس میں یہ بات نہیں کہ اس کی زندگی کو پھر واپس کر دے یا اس کو ختم نہ ہونے دے۔
اگر ایسا ہوتا تو خدائی کے دعوے داروں کی اولاد کو کبھی اپنے باپ کے تخت خدائی پر بیٹھنے کی نوبت ہی نہ آتی،حضرت ابراہیم علیہ السلام نے نمرود کی سیاسی حال کو فوراً سمجھ لیا کہ وہ مباحثے اور مناظرے کی دلدل میں پھنسا کر اپنا مقصد حاصل کرنا چاہتا ہے، اس لیے آپ نے استدلال کے انداز کو بدل دیا اور فرمایا:
دلیل کا نیا انداز
”میں جس ہستی کو اللہ کہتا ہوں مانتا ہوں وہ سورج  کو مشرق کی طرف سے نکالتا ہے اور مغرب کی طرف لے جاتا ہے، پس اگر تم اپنے خدائی کے دعوے میں سچے ہو، تو تم سورج کو مشرق کی بجاے مغرب سے نکالو اور مشرق کی طرف لے جاؤ“۔ اب نمرود لاجواب تھا اور خاموشی کے سوا اس کے پاس کوئی جواب نہ تھا نہ مقابلے کی طاقت اور نہ اپنی قوم کو مزید مغالطے میں پھنسانے کے لیے کوئی سبیل رہ گئی تھی۔
شاہ وقت، باپ اور قوم کے دلوں نے تو اس بات کا اقرار کرلیا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام جو کچھ کہتے ہیں وہ حق ہے .... اور بتوں کی خدائی کے معاملے میں تو وہ کھلّم کھلّا اس بات کے اقراری تھے کہ ابراہیمؑ جو کچھ کہتے ہیں وہی درست ہے لیکن اس کے باوجود وہ قبول حق اور راہِ مستقیم اختیار کرنے کے لیے اپنے آپ کو آمادہ نہ کر سکے، بلکہ حق کے خلاف ان کی رگِ عصبیت بھڑک اٹھی۔ شاہ و رعایا، سب نے متفقہ فیصلہ کردیا کہ دیوتاؤں کی توہین والے کو آگ میں جلا دیا جائے کیونکہ تحقیرِ دینِ آبا جیسے سخت جرم کی یہ ہی سزا ہوسکتی ہے۔

Sunday, 3 July 2022

Allah Ke Khalil: Hazrat Ibrahim Alaihissalam ke Halat e Zindagi (Day-3)

 اللہ کے خلیل
حضرت ابراہیم علیہ السلام 
کےحالاتِ زندگی

ستاروں کی پوجا 
بت پرستی کے علاوہ، یہ لوگ کواکب پرستی بھی کرتے تھے اور یہ پرستش اس عقیدے کی بنیاد پر تھی کہ یہ لوگ بتوں کی طرح کواکب (ستاروں) کے بارے میں بھی یقین رکھتے تھے کہ موت و حیات، نفع و نقصان وغیرہ میں، ان کے اثرات کو دخل ہے، اور یہ اثر ان کا ذاتی وصف ہے ، اس لیے کواکب کی بھی خوشنودی حاصل کرنا ضزوری ہے ، جو ان کی پرستش کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتی۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اصنام پرستی کی طرح، ان کے اس باطل عقیدے کی بھی، بڑی خوبی کے ساتھ تردید کی، اس کی وضاحت سورۂ انعام کی متعدد آیات میں بڑے حکیمانہ استدلال کے ساتھ کی گئی ہے۔
سورهٔ انعام کی ان آیات سے بظاہر یہ شبہ ہو سکتا ہے کہ کواکب پرستی کی وہ تمام کیفیات، جن کا ان آیات سے اظہار ہوتا ہے، حضرت ابراہیمؑ پر طاری ہوئی تھیں، لیکن حقیقت اس کے بالکل خلاف ہے جس طرح حضرت ابراہیمؑ   کا دامنِ عصمت اصنام پرستی سے پاک ہے، اسی طرح کواکب پرستی سے بھی۔ یہ حقیقت ہے کہ حضرت ابراہیمؑ  نے مدّت العمر نہ کبھی بت پرستی کی نہ کواکب پرستی۔۔۔۔۔۔ بلکہ یہ انداز بیان قوم کی کواکب پرستی کو غلط ثابت کرنے کے لیے، قوم کے ایک فرد کی حیثیت سے، قوم کی اس روش کی لغویت کے اظہار کے لیے اختیار کیا، جو اس وقت کی ہیجانی کیفیت کے پیشِ نظر، مخاطب کو متوجہ کرنے کے لیے بڑا جاذب توجہ نفسیاتی انداز تخاطب تھا۔
غیر خدا کی پرستش کو باطل ثابت کرنے کے لیے، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جس طرح کواکب پرستش کو غلط ثابت کر دکھایا بالکل یہی صورت اصنام پرستی کے معاملے میں بھی اختیار فرمائی۔ فرق صرف اتنا ہے کہ کواکب کے معاملے میں قولی استدلال تھا اور اصنام (بتوں) کے معاملے میں عملی، وہ اس صورت سے کہ جب حضرت ابراہیم علیہ السّلام نے دیکھا کہ دلائل سے قوم متاثر نہیں ہوئی تو آپ نے استدلال کا ایک ایسا پہلو اختیار کیا جس کی صداقت کا ہر شخص کو اقرار کرتے ہی بن پڑے اور آپ نے اپنے اس انوکھے استدلال کے بارے میں اجمالی طور پر، اپنی قوم کو پہلے سے اطلاع بھی دے دی.
عملی استدلال 
 آخر ایک موقع ایسا آہی گیا جس میں حضرت ابراہیم علیہ السّلام کو اپنے عملی استدلال کو عملی جامہ پہنانے کا موقع مل گیا۔ یہ موقع تھا ایک مذہبی جشن کا، جس میں شرکت کے لیے آبادی کے ہر فرد کو جانا ضروری تھا، وقت مقررہ پر سب چلنے لگے تو حضرت ابراہیمؑ  سے بھی چلنے کے لیے کہا گیا آپ نے علالت کا عذر کیا اور قوم کے ساتھ نہیں گئے۔
اب جب کہ ساری قوم مع بادشاہ اور کاہنوں کے آبادی سے نکل کر میلے کی دلچسپیوں میں مصروف تھی، حضرت ابراہیم علیہ السلام کو اپنی تدبیر کے بروے کار لانے کا موقع ہاتھ آگیا سب سے پہلے بڑے دیوتا کے مندر میں جا پہنچے، دیکھا کہ دیوتاؤں کے سامنے انواع و اقسام کے پھل اور میوے وغیرہ کے چڑھاوے رکھے تھے، آپ نے بطورِ طنز ان بتوں کو خطاب کیا کہ ”سب رکھا ہوا ہے کھاتے کیوں نہیں؟ ارے تمھیں کیا ہوگیا بولتے کیوں نہیں؟ “ اس کے بعد ان سب کو توڑ ڈالا، صرف بڑے بت کو رہنے دیا، تاکہ قوم اپنے عقیدے کے مطابق بڑے بت سے استفسار حال کر سکے۔ پھر آپ واپس چلے گئے۔
میلے سے واپس آکر قوم مندر میں داخل ہوئی اور بتوں کا حال دیکھ کر سخت برہم ہوئی۔ آپس میں ایک دوسرے سے پوچھنے لگے کہ یہ کس کا کام ہو سکتا ہے؟جن لوگوں سے آپ اجمالاً اپنی اس تدبیر کی طرف اشارہ کر چکے تھے، وہ بول اٹھے کہ یہ کام اس شخص کا ہوسکتا ہے جس کا  نام ابراہیمؑ ہے۔
کاہنوں اور سرداروں کو جب اس کا علم ہوا، غصّے سے آگ بگولا ہوگئے اور فوراً حضرت ابراہیمؑ کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ حضرت ابراہیمؑ  گرفتار کرکے لائے گئے، آپ کے سامنے آتے ہی سوال کیا گیا کہ یہ ہمارے دیوتاؤں کے ساتھ یہ سلوک تم نے کیا ہے؟
حضرت ابراہیم علیہ السّلام نے اسی موقع ہی کے لیے تو یہ تدبیر کی تھی یہ دیکھ کر کہ ساری قوم موجود ہے، اس کے پیشواؤں نے جس غلط عقیدے میں اسے پھنسا رکھا ہے، آج اس کے غلط ثابت کرنے کا بہترین موقع ہاتھ آگیا ہے۔ آپ نے سرداروں کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ ”یہ سب بڑے دیوتا کی حرکت ہے، اپنے اطمینان کے لیے، اپنے ان دیوتاؤں سے دریافت کر لو جن کے ساتھ تمھارے بڑے دیوتا نے یہ سلوک کیا ہے؟ “۔
آپ کے اس جواب کا کوئی جواب نہ بادشاہ کے پاس تھا، نہ کاہنوں کے پاس، نہ سرداروں کے پاس، نہ قوم کے پاس، ندامت سے سب کے سر جُھکے ہوئے تھے۔ قوم کی سمجھ میں آج واضح طور پر وہ بات آگئی تھی، جس کا اس سے پہلے وہ تصوّر تک بھی نہ کر سکتے تھے اور مجبوراً سب کو اقرار کرتے ہی بن پڑا کہ ”ان دیوتاؤں میں بولنے کی سکت نہیں۔ یہ تو سب بےجان مورتیاں ہیں۔ “
نصیحت کا موثّر انداز
حضرت ابراہیم علیہ السّلام نے قوم کے اس ثاثّر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نصیحت کا بڑا ہی موثر انداز اختیار فرمایا، جسے قرآن یوں نقل کرتا ہے۔
”لوگو! خدائے بزرگ و برتر کو چھوڑ کر، تم ان چیزوں کی پرستش میں لگے ہوئے ہو جو نہ تم کو نفع پہنچا سکتی ہیں، نہ نقصان۔ تم پر بھی افسوس ہے اور تمھارے ان معبودوں پر بھی، جن کی تم اللہ کے سوا پرستش کرتے ہو کیا تم عقل سے کام نہیں لیتے؟“
”پس وہ جمگھٹ کی صورت، ابراہیم کے آس پاس جمع ہوگئے تو ابراہیمؑ نے کہا، کیا جن بتوں کو اپنے ہاتھ سے گھڑتے ہو، پھر انھیں کو پوجتے ہو، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اللہ ہی نے تم کو پیدا کیا ہے اور ان کو بھی جن کو تم بناتے ہو۔“
ضِد اور ہٹ دھرمی 
اس مشفقانہ نصیحت کا یہ اثر ہونا چاہیے تھا کہ وہ اصنام پرستی کو چھوڑ کر خدا پرستی کی راہ اختیار کر لیتے لیکن ان کی نفس پرستیوں نے اس سیدھی راہ کو اختیار نہ کرنے دیا اور حسب سابق اپنی عداوت و دشمنی کی رفتار کو تیز سے تیز تر کردیا اور طے کیا کہ ابراہیمؑ کی گستاخی کی سزا یہ ہے کہ انھیں زندہ جلا دیا جاۓ۔

Saturday, 2 July 2022

Allah Ke Khalil: Hazrat Ibrahim Alaihissalam ke Halat e Zindagi (Day-2)

 اللہ کے خلیل
حضرت ابراہیم علیہ السلام 
کےحالاتِ زندگی

مختصر حالاتِ زندگی 
سیّد حضرت ابراہیمؑ کے حالات جو قدیم صحیفوں میں مزکور ہیں ، اختصار کے ساتھ یہاں درج کرتے ہیں، اس کے بعد تفصیلی حالات یعنی آپ کی دعوت اور ترکِ وطن وغیرہ کا ذکر ہوگا۔
آپ نے ستّر برس کی عمر میں، اپنے رب کے حکم سے، اپنے آبائی وطن کو چھوڑ کر، کنعان بن عام کے علاقے میں قیام کیا، آپ کے ہمراہ آپ کی بیوی سارہؓ اور بھتیجے لوطؑ  تھے ۔ اس موقعہ پر اللہ نے آپ سے وعدہ کیا کہ یہی ملک تمہاری اولاد کو عطا ہوگا۔
یہاں سے آپ مصر گئے، سیّدہ سارہؓ کو شاہِ فرعون نے حسین سمجھ کر لے لیا، لیکن فرعون پر خدا کا قہر نازل ہوا، جس سے ڈر کر اس نے سیّدہ کو واپس کردیا۔
اس کے بعد آپ پھر کنعان کی طرف لوٹ آئے لیکن آپ کے بھتیجے لوطؑ  آپ کی اجازت سے علاحدہ ہو کر یرون کی ترائی کی طرف چلے گئے اور شہر صدُوم میں آباد ہوئے، کچھ دنوں بعد کدرلا عمر شاہ عیلان نے، اپنے تین اتحادی حکمرانوں کے ساتھ شاه صدُوم اور اس کے چار اتحادی بادشاہوں سے جنگ کی اور فتح یاب ہوا تو حضرت لوطؑ کو بھی مع ان کے مال و اسباب کے اسیر کرکے لے گیا۔
حضرت ابراہیمؑ کو اطلاع ہوئی تو جَوبَہ تک جو دمشق کی بائیں سمت ہے۔ ان کا تعاقب کیا، حضرت لوطؑ  اور ان کے ساتھیوں کو رہا کرا لیا اور مال غنیمت بھی حاصل کیا۔
واپسی پر شاہ صدُوم اور سالم کا بادشاہ صدق جو خدا کا کاہن تھا، حضرت ابراہیمؑ  کو ملے، آپ نے غنیمت کا دسواں ان کو دیا، آنِیر، اِسگال اور ہَمری کے فوجیوں کو جو ہمراہ تھے، ان کا حصّہ دیا۔ باقی تمام سامانِ غنیمت شاه صدوم کو دے دیا، خود کچھ نہ لیا۔
حضرت ابراہیمؑ کی عمر چھیاسی برس کی ہوئی تو حضرت اسماعیلؑ  پیدا ہوئے۔ حضرت ابراہیمؑ  کی عمر ننانوے برس کی ہوئی تو خواب میں حکم دیا گیا کہ جب بچّہ آٹھ دن کا ہو تو ختنہ کیا کرو اور یہ تمہاری  نسل میں عہد خداوندی کا ابدی نشان ہوگا، اس حکم کے وقت حضرت اسماعیلؑ  کی عمر تیرہ سال تھی، جب کہ آپ کا ختنہ ہوا۔ 
کنعان سے پھر حضرت ابراہیمؑ نے سفر کیا، پہلے قادس  پہنچے، وہاں سے سور، ان دونوں آبادیوں میں چندے  قیام کے بعد جرّار تشریف لے گئے، جرّار کے بادشاہ ابی ملک نے حضرت سارہؓ کو اپنے قبضے میں لے لیا، لیکن خدا کی تنبیہ کے بعد واپس کر دیا اور حضرت ابراہیمؑ  کی بڑی عزّت و تکریم کی۔
حضرت ابراہیمؑ کی عمر سو برس کی ہوئی تو حضرت اسحاقؑ پیدا ہوئے۔ ابی ملک شاہ جرّار نے ، حضرت ابراہیمؑ سے اتحادِ باہمی کا معاہدہ کر لیا اور کافی مدت تک آپ کا قیام فلسطین میں رہا، یہیں حضرت ابراہیمؑ نے اپنے بیٹے اسحاق کی شادی رِبُقَہ سے کی، جو آپ کے بھائی نُحور کی پوتی تھیں۔
حضرت ابراہیمؑ  کی وفات ایک سو پچھتّر سال کی عمر میں ہوئی۔
آپ کی کنیت ابو محمد بھی ہے اور ابوالانبیا بھی، کیوں کہ آپ کے بعد آپ ہی کی نسل سے انبیا پیدا ہوتے رہے، کسی اور کی نسل سے نہیں، خدا کا ارشاد ہے:-
وَجَعَلْنَا فِی ذُرِّیَّتِہٖ النَّبُوّۃَ والْکِتَابَ (عنكبوت رکوع ۳ )
(ہم نے نبوّت اور کتاب کو ابراہیمؑ ہی کی ذرّیت میں کردیا )
 اسی لیے آپ کا لقب ”عمود عالم ثالث“ بھی ہے۔
(رحمة للعٰلمين) 
باپ کو سچّائی کی دعوت 
 دعوت کا آغاز، ابراہیمؑ نے سب سے پہلے اپنے باپ اور خاندان سے کیا فرمایا:-
”تم جو قدیم روش پر قائم ہو، وہ غلط ہے اور میں جس چیز کی طرف بلاتا ہوں،وہ حق ہے۔“
باپ پر اس نصیحت کا کوئی اثر نہ ہوا بلکہ الٹا بیٹے کو دھمکایا کہ ”اگر تو نے بتوں کی برائی کرنا نہ چھوڑی تو میں پتھر مار مار کر تجھے ہلاک کردوں گا۔“حضرت ابراہیمؑ نے دیکھا کہ معاملے نے بڑی نازک شکل اختیار کرلی ہے، ایک طرف باپ کا احترام ہے، اور دوسری طرف ادائے فرض۔ آخر اس مشکل سے عہده برآ ہونے کے لیے آپ نے ایک ایسی صورت نکال لی، جو ایک نبی کے شایانِ شان ہوسکتی ہے۔ آپ نے باپ کی سختی کا جواب، سختی سے نہیں دیا نہ باپ کی تحقیر و تذلیل کی کوشش کی بلکہ نہایت نرمی اور خوش خلقی کے ساتھ یہ جواب دیا کہ اگر آپ اپنے رویّے پر قائم رہیں گے تو پھر آج سے آپ کو میرا سلام، میں آپ سے الگ ہوں، کیوں کہ نہ تو میں حق اور پیغام حق کو ترک کر سکتا ہوں اور نہ بتوں کی پرستش کر سکتا ہوں جنھیں آپ اپنا معبود سمجھتے ہیں، ہاں اس علاحدگی کے باوجود، بارگاہِ الٰہی میں دست بہ دعار ہوں گا کہ آپ کو ہدایت نصیب ہو جاۓ اور آپ عذابِ الٰہی سے بچ جائیں، اس پورے واقعے کو سورهٔ مریم میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔
قوم کو دعوت حق
جب آزر نے کسی طرح حضرت ابراہیم علیہ السّلام کی دعوت کو قبول نہ کیا، تو آپ نے آزر سے علاحدگی اختیار کرلی اور اپنی قوم کے سامنے دعوت حق کو پیش کیا لیکن قوم بھی آزر کی طرح اپنے آبائی مشرکانہ رسوم و روایات کو ترک کرنے پر آمادہ نہ ہوئی عقل رکھنے کے باوجود، وہ عقل و خرد سے کام لینے کے لیے تیار نہ ہوئی، تو حضرت ابراہیم علیہ السّلام نے بہت اصرار کے ساتھ دریافت فرمایا کہ ”تم جن کی پرستش میں لگے ہوئے ہو، وہ تم کو کسی طرح کا نفع نقصان پہنچاتے ہیں؟ تم جو کچھ کہتے ہو، وہ سنتے اور جواب دیتے ہیں؟“قوم نے جواب دیا”ہم اس نفع و نقصان اور کہنے سننے کے جھگڑے میں پڑنا نہیں چاہتے، ہم تو بس اتنا جانتے ہیں کہ ہمارے باپ دادا یہی کرتے تھے،وہی ہم بھی کرتے ہیں۔“
اب حضرت ابراہیم علیہ السّلام کے لیے، اس کے سوا کوئی چارہ کار نہیں رہ گیا تھا، کہ قوم کے اس باطل عقیدے کے تار و پود بکھیردیں، فرمایا:-
”میں تمھارے تمام بتوں کو اپنا دشمن سمجھتا ہوں اور میرا ان سے کوئی تعلق نہیں، اگر وہ مجھے کسی قسم کا نقصان پہنچا سکتے ہیں تو پہنچا کے دیکھ لیں، میں تو صرف اس ہستی کا غلام ہوں جو تمام جہانوں کی خالق، ہر قسم کے نفع و نقصان کے مالک اور مارنے جلانے کا اختیار رکھتی ہے۔“
قرآن مجید نے حضرت ابراہیم علیہ السّلام کے اس پُر اثر خطاب کو سورۂ شعرا میں تفصیل کے ساتھ پیش کیا ہے، بہرحال اس خطاب کا کوئی اثر قوم پر نہ ہوا اور وہ بدستور باطل پرستی پر جمی رہی۔

Allah Ke Khalil: Hazrat Ibrahim Alaihissalam ke Halat e Zindagi


 آئینہ پیش کرتا ہے آج سے 10ذوالحجہ تک روزانہ اللہ کے خلیل حضرت ابراہیم علیہ السلام(از خلیل احمد جامعی) کی مختصر حالاتِ زندگی۔ اپنے بچّوں اور اہل خانہ کو بلند آواز میں پڑھ کر سنائیں یا اُن سے سنیں تاکہ آپ کو اس بات کا علم ہو کہ کس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام کو اپنے گھر والوں،اپنی حکومت اور اپنی قوم کی دشمنی کے باعث کن مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا اور کس طرح آپ ان سے عہدہ بر آہوئے اور کس انہماک اور لگن کے ساتھ آپ نے اپنے فرائض کو انجام دیا، یہ ایک بڑی دلچسپ اور سبق آموز داستان ہے،عام مسلمانوں اور طلبہ کو اس سے عبرت و نصیحت حاصل ہوگی ۔

  (Day-1) اللہ کے خلیل حضرت ابراہیم علیہ السلام 

خوش خبری